ACTION RESEARCH FORUM: AFTER ALIGHTY GOD WHO CAN RUIN THE HUMAN RACE WHAT ARE CHECK AND BALANCES OF FEW MINUTES DECISIONS
Source:http://www.bbc.com/urdu/world-40604092
ایٹمی حملے کا حکم کن کن صورتوں میں کون کون دے سکتا ہے
ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے صدر اور یعنی دنیا کے سب سے طاقتور شخص ہیں۔ ان کے مخالف اکثر یہ کہتے ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس صدر کے طور پر جو طاقت ہے اس کا کبھی بھی بے جا استعمال ہو سکتا ہے۔
امریکہ کے صدر ہونے کی وجہ سے وہ امریکی فوج کے سپریم کمانڈر ہیں۔
اس حیثیت سے ڈونلڈ ٹرمپ کو حلف برداری والے دن یعنی 20 جنوری کو پلاسٹک کا ایک کارڈ سونپا گیا تھا۔ یہ کوئی معمولی کارڈ نہیں تھا بلکہ یہ امریکہ کے ایٹمی میزائلوں کو لانچ کرنے کا کوڈ تھا۔ اس کارڈ کی بدولت ڈونلڈ ٹرمپ جب چاہیں، امریکہ کے ہزاروں ایٹمی میزائلوں میں سے کچھ کو لانچ کرنے کا حکم دے سکتے ہیں۔
یہ میزائل اتنے طاقتور ہیں کہ پلک جھپکتے ہی انسانیت کو زمین سے فنا کر سکتے ہیں۔ دنیا میں صرف امریکہ ہی ایسا ملک نہیں جس کے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ دنیا کے نو ممالک کے پاس جوہری بم اور میزائل ہیں۔ انڈيا اور پاکستان کا شمار بھی انھیں ممالک میں ہوتا ہے۔
تو سوال یہ کہ آخر ایٹمی میزائل سے حملے کا طریقہ کار کیا ہے؟
بی بی سی کے ریڈیو پروگرام 'دی انكوائری' میں روتھ الیگزینڈر نے اس بار اسی سوال کا جواب تلاش کرنے کی کوشش کی۔
امریکی صدر یونہی دنیا کے سب سے طاقتور شخص نہیں کہلائے جاتے۔ اس وقت اس کے پاس سب سے زیادہ ایٹمی ہتھیار ہیں، جن تعداد ہزاروں میں ہے۔یہ ایٹمی ہتھیار بم اور میزائل کے طور پر آبدوزوں سے لے کر پہاڑوں کے نیچے تک خفیہ طور پر رکھے کیے گئے ہیں۔ صدر کا ایک اشارہ ہوا نہیں کہ ایک منٹ کے اندر میزائل اپنے ہدف کی طرف روانہ کیے جا سکتے ہیں۔
بروس بلا امریکہ کے سابق میزائل لانچ کرنے والے افسر ہیں۔ وہ 70 کے عشرے میں امریکہ کے خفیہ ایٹمی میزائل کے ٹھکانوں پر کام کر چکے ہیں۔ بروس کہتے ہیں کہ ایسے افسران کو 'منٹ مین' کہا جاتا تھا کیونکہ حملے کا حکم ملنے پر ایک منٹ کے اندر وہ جوہری میزائل لانچ کر سکتے ہیں۔
بروس اور ان کے ساتھیوں کی ڈیوٹی ہر وقت کمپیوٹر کے مانیٹر کی نگرانی کرنا ہوتی تھی جس پر کبھی بھی میزائل لانچ کرنے کا حکم آ سکتا تھا۔ امریکہ میں صرف صدر ہی کو ایٹمی حملے کرنے کا حکم دینے کا حق حاصل ہے۔
وہ کسی اور ملک سے امریکہ پر حملہ ہونے یا حملے کا خدشہ ہونے پر ایٹمی میزائل لانچ کرنے کا حکم دے سکتا ہے۔ ماہرین بتاتے ہیں کہ روس یا چین اگر میزائل سے امریکہ پر حملہ کرتے ہیں، تو وہاں سے امریکہ تک میزائل پہنچنے میں صرف نصف گھنٹے کا وقت لگے گا۔
لیکن اگر آبدوز سے حملہ کیا گيا تو صرف 15 منٹ میں ہی امریکہ کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ اس صورت میں امریکی صدر کے پاس ایٹمی حملہ کرنے کا فیصلہ کرنے کے لیے انتہائی کم وقت ہوتا ہے۔ اسی لیے امریکی صدر کے ساتھ ہمیشہ ایک چمڑے کا بریف کیس رہتا ہے۔ اس بریف کیس کو نیوکلیئر فٹ بال کہتے ہیں۔
اس میں وہ مشینیں ہوتی ہیں جن کے ذریعے امریکی صدر سٹریٹیجک کمانڈ کے سربراہ اور نائب صدر سمیت کچھ خاص لوگوں سے بات کر سکتے ہیں تاکہ ایٹمی حملے سے متعلق فیصلہ کر سکیں۔ بروس بلا بتاتے ہیں کہ اس بریف کیس میں کارٹون نما ایک کتاب بھی ہوتی ہے جس میں مختلف ایٹمی میزائلوں کی طاقت اور ان کے اثرات کی تفصیلات درج ہوتی ہیں۔
صدر کچھ سیکنڈ کے اندر میزائل کے اثر کا اندازہ کر کے ایٹمی حملہ کرنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ امریکی صدر کو ایٹمی میزائل داغنے کا حکم دینے کے لیے میزائل لانچ افسر کو اپنی شناخت ثابت کرنی ہوتی ہے۔ اس کام میں وہی پلاسٹک کارڈ کام آتا ہے، جو ہمیشہ صدر کے پاس موجود رہتا ہے۔
اس کارڈ کو اکثر ’بسکٹ‘ کہہ کر پکارا جاتا ہے۔ یہی وہ کارڈ ہوتا ہے جو امریکی صدر کو دنیا کا سب سے طاقتور شخص بناتا ہے۔ کیونکہ اسی کی مدد سے وہ ایٹمی حملے کا حکم دے سکتا ہے۔ صدر کو ہمیشہ یہ کارڈ اپنے ساتھ رکھنا ہوتا ہے۔
بروس بلا بتاتے ہیں کہ 80 کی دہائی میں صدر جمی کارٹر نے یہ کارڈ یا بسکٹ اپنے سوٹ کے ساتھ ڈرائی کلین کے لیے دے دیا تھا۔ صدر سے احکامات ملنے کے بعد منٹ مین لانچ کوڈ کی مدد سے میزائل کو حملے کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔
بروس بلا بتاتے ہیں کہ ان کے پورے کریئر میں ایک بار ایسا ہوا تھا، جب لگا تھا کہ نیوکلیئر جنگ چھڑ جائے گی۔ یہ بات 1973 کی ہے۔ اس دوران عرب اور اسرائیل کے درمیان جنگ چھڑی ہوئی تھی۔ اسی دوران بروس اور ان کے ایک ساتھی افسر ٹموتھی کو الرٹ پر رہنے کا حکم ملا تھا۔ یہ ڈیفكان 3 (DEFCON 3) پیغام تھا۔
اس کا مطلب تھا کہ ممکنہ ایٹمی جنگ کے لیے تیاری شروع کرو۔ کسی بھی وقت جوہری میزائل لانچ کرنے کے لیے دو لوگوں کی ضرورت ہوتی ہے، جو اپنے اپنے کوڈ بتاتے ہیں۔ ایک طرح سے یہ دونوں لوگ میزائل لانچ کرنے کی چابی ہوتے ہیں۔ بروس ان دنوں کو یاد کر کے بتاتے ہیں کہ انھیں لگا تھا کہ سوویت یونین سے حملہ ہونے والا ہے۔
اس لیے وہ میزائل کا لانچ کوڈ اور چابی لے کر کرسی پر بیٹھ گئے۔ اب بس انھیں اور ان کے ساتھی ٹموتھی کو میزائل لانچ کرنے کے لیے آخری فرمان کا انتظار تھا۔ سکون کی بات یہ تھی کہ وہ وقت کبھی نہیں آیا۔ اس سے قبل بھی کیوبا میزائل بحران کے دوران امریکہ اور سوویت یونین ایٹمی جنگ کے انتہائی قریب پہنچ گئے تھے۔
سوال یہ ہے کہ اگر کوئی امریکی صدر کا دماغ چل جائے اور بغیر کسی وجہ کے ہی ایٹمی حملہ کرنے کا حکم دے دے تو پھر کیا ہو گا؟ بروس بلا کہتے ہیں کہ ایسا ہونے کی صورت میں جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی کے سربراہ اس حکم کو ماننے سے انکار کر سکتے ہیں۔ لیکن ایسا ہونے کی توقع بہت کم ہے کیونکہ صدر کے ماتحت کام کرنے والے ایسے لوگوں کو حکم ماننے کی تربیت دی جاتی ہے، حکم عدولی نہیں۔ لہٰذا اگر کوئی صدر بہک کر ایٹمی حملے کا حکم جاری کرتا ہے تو پھر اسے روک پانا بہت مشکل ہے۔
اگور سرچیگن ایٹمی ہتھیاروں کے ماہر ہیں۔ وہ روس کے رہنے والے ہیں اور ایک وقت تھا کہ جب وہ روسی حکومت کے لیے کام کرتے تھے۔ 1999 میں ان پر ملک کی خفیہ معلومات دشمنوں کو دینے کا الزام لگا کر جیل میں ڈال دیا گیا تھا۔ تقریباً 11 سال جیل میں رہنے کے بعد روس نے انھیں رہا کیا۔ جس کے بعد وہ لندن میں بس گئے۔ ان دنوں اگور لندن کے ایک تھنک ٹینک کے لیے کام کرتے ہیں۔
امریکہ کی طرح روس بھی بڑی ایٹمی طاقت ہے۔ روس کے پاس بھی ہزاروں نيوكلیئر میزائل ہیں۔ انھیں لانچ کرنے کا حق روس کے صدر کے پاس ہوتا ہے. اگور سرچیگن بتاتے ہیں کہ امریکہ کی طرح روس کے صدر کے پاس بھی ایٹمی کوڈ والا ایک بریف کیس ہوتا ہے۔ یہ بریف کیس ہمیشہ صدر کے آس پاس ہی رہتا ہے۔
روس پر کسی حملے کی صورت میں اس بریف کیس کا الارم بج اٹھتا ہے۔ فلیش لائٹ جل جاتی ہیں۔ جس سے صدر کو فوراً بریف کیس کے پاس پہنچ کر وزیر اعظم اور وزیر دفاع سے رابطہ کرنا ہوتا ہے۔ روس کے وزیر اعظم اور وزیر دفاع کے پاس بھی اسی طرح کے بریف کیس ہوتے ہیں۔ لیکن ایٹمی حملے کا حکم صرف روس کے صدر ہی دے سکتے ہیں۔
روس کے صدر اپنے بریف کیس کے ذریعے فوج کے کمانڈروں، وزیر اعظم اور وزیر دفاع سے بات کر سکتے ہیں۔ انھیں اس کے لیے کسی ٹیلیفون یا دوسرے ذریعے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اگور بتاتے ہیں کہ روس کے صدر کا ایٹمی حملہ کرنے والا یہ بریف کیس صرف ایک بار کھلا ہے۔
25 جنوری 1995 کو روس کے صدر کے اس بریف کیس کا الارم بج اٹھا تھا۔ اس کی لائٹ فلیش ہونے لگی تھی۔ اس کا دوسرا الارم، جو روس کے صدر کی میز پر ہوتا ہے، وہ بھی بج اٹھا تھا۔ معلوم ہوا کہ بیرینٹس سی کے پاس روس کی سرحد کے قریب ایک میزائل دیکھا گیا ہے جو تیزی سے روس کی طرف بڑھ رہا ہے۔
بورس یلسن نے ایٹمی حملے کے لیے اپنا بریف کیس آن کیا۔ وہ حملے کا حکم دینے سے پہلے وزیر اعظم اور وزیر دفاع سے مشورہ کر رہے تھے۔ اس کے لیے ان کے پاس پانچ سے دس منٹ کا ہی وقت تھا۔ روسی آبدوزوں کو ایٹمی حملے کی تیاری کا حکم دے دیا گیا تھا۔
تاہم بعد میں پتہ چلا کہ وہ ناروے کا ایک راکٹ تھا، جو ایک سائنسی مشن پر جا رہا تھا۔ روس پر حملے کا الارم اسی راکٹ کو روس کی طرف آنے والا میزائل سمجھ کر بج گیا تھا۔
روس میں میزائل لانچ کی تیاری کی جانچ پڑتال کے لیے اکثر ڈرل ہوتی رہتی ہے۔
اگور بتاتے ہیں کہ کئی بار میزائل کی نگرانی کرنے والوں کو غلط لانچ کوڈ دے کر حملے کی تیاری کے لیے کہا جاتا ہے۔ ایسا اس لیے کیا جاتا ہے تاکہ اس بات کا اندازہ لگایا جا سکے کہ اصل جنگ چھڑنے کی صورت میں وہ کہیں ایٹمی حملہ کرنے سے ہچکچائیں گے تو نہیں۔
یعنی روس کا بھی نظام ایسا ہے کہ اگر وہاں کے صدر نے ایٹمی حملہ کا حکم دیا، تو ایٹمی جنگ چھڑنا طے ہے۔
***
No comments:
Post a Comment