Source: http://www.bbc.com/urdu/world-38105455
مذاکرات نہ ہوئے تو یورپ تارکین وطن کے لیے تیار رہے: اردوغان
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے خبردار کیا ہے کہ اگر یورپی یونین کی جانب سے دباؤ ڈالا گیا تو وہ ہزاروں تارکین وطن کو یورپ سفر کرنے کی اجازت دے دیں گے۔
جمعے کو رجب طیب اردوغان نے یہ ردعمل یورپی پارلیمان کی جانب سے ترکی کے یورپی یونین کے رکن بننے کے حوالے سے مذاکرات روکنے کے ووٹ پر دیا۔
یورپی پارلیمان کے ارکان کو ترکی میں جولائی میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت پر رجب طیب اردوغان کے ’غیرمناسب‘ اقدامات پر تشویش ہے۔
مارچ میں یورپ اور ترکی کے درمیان معاہدے کے بعد سے یونان کے جزیرے پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد میں کمی ہوئی ہے۔
صدر اردوغان نے یورپی یونین پر وعدے توڑنے کا الزام لگایا ہے۔
مارچ میں ہونے والے معاہدے کے تحت ترکی کے ساتھ وعدہ کیا گیا تھا کہ اس کے شہریوں کو ویزا فری سفر کی اجازت دی جائے گی اور ترکی کے یورپی یونین کے رکن بننے کے لیے مذاکرات میں تیزی سے پیش رفت کی جائے گی۔
صدر اردوغان نے یورپی یونین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’میری بات سنیں، اگر آپ مزید آگے بڑھتے ہیں تو سرحدی دروازے کھول دیے جائیں گے۔‘
جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی ترجمان اولریک ڈیمر نے کہا ہے کہ ’معاہدہ تمام فریقین کے مفاد میں تھا اور یہ دھمکی کسی کے لیے بھی مددگار نہیں۔‘
ترکی میں اس وقت تقریباً 30 لاکھ تارکین وطن موجود ہیں جن میں زیادہ تر شام سے آئے ہیں۔ گذشتہ سال دس لاکھ سے زائد تارکین وطن یورپ فرار ہوگئے تھے ان میں سے زیادہ تر ترکی کے راستے یورپ میں داخل ہوئے۔
No comments:
Post a Comment