Source:https://www.bbc.com/urdu/world-45160194
فرانس میں پرندے صفائی کا کام کریں گے
فرانس کے ایک تھیم پارک میں پہلی بار چھ 'ہوشیار' پرندوں سے زمین پر پڑا کوڑا اٹھانے کا کام لیا جائے گا۔
ملک کے مغربی حصے میں قائم تھیم پارک 'پوئے دو فو' میں کلاغ سیاہ (کوئے کی ایک قسم) کو سگریٹ کے ٹکڑے اور دوسری چھوٹی چیزیں چننے کا کام سکھایا گيا ہے۔
وہ ان ٹکڑوں کو اٹھا کر کوڑا ڈالنے کی ٹوکڑی میں ڈالے گے اور انھیں ان کی محنت کے بدلے کھانے کی کوئی چیز انعام میں دی جائے گی۔
اس قسم کے پہلے پرندے کو کام پر لگا دیا گیا ہے جبکہ باقی پرندے پیر سے اپنے کام شروع کریں گے۔
پارک کے سربراہ نکولس ڈی ولیئرز نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا اس کا مقصد صرف اس پارک کو صاف رکھنا نہیں ہے۔
انھوں نے کہا: 'اس کا مقصد اس جگہ کو صاف رکھنا نہیں ہے کیونکہ لوگ خود ہی عام طور پر جگہ کو صاف رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔'
ان کے مطابق اس کا مقصد یہ بھی دکھانا ہے کہ 'فطرت خود ہمیں سکھا سکتی ہے کہ اپنے ماحول کا کس طرح خیال رکھنا ہے۔'
یہ بھی پڑھیے
انھوں نے کہا کہ کوّے کی نسل کے پرندے جن میں کلاغ سیاہ اور زغن (چھوٹے کوے) خاص طور سے ذہین ہوتے ہیں، وہ انسان سے رابطہ کرنا چاہتے ہیں اور کھیل کے ذریعے ان سے ایک رشتہ قائم کر لیتے ہیں‘۔
ایسا پہلی بار نہیں ہے کہ پرندوں نے اپنی ذہانت کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس سے قبل رواں سال سائنسدانوں نے ایک وینڈنگ مشین بنائی جو کوؤں کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت کو واضح کرتی ہے۔
مشین میں ٹوکن کے طور پر ایک خاص سائز کے کاغذ کی ضرورت تھی جس کے بعد اس میں سے چیز نکلتی تھی۔
سائنسدانوں کو معلوم ہوا کہ کوؤں نے صحیح سائز کے کاغذ کو یاد رکھا اور یہاں تک کہ انھوں نے بڑے سائز کے کاغذ کو صحیح سائز میں لانے کے لیے کترنے کا کام بھی کیا تاکہ ان کا مشین میں استعمال کر سکیں۔
No comments:
Post a Comment