Source: http://www.bbc.com/urdu/world-43206327
سعودی شاہ سلمان نے چیف آف سٹاف سمیت اعلیٰ فوجی کمانڈر برطرف کر دیے
سعودی عرب نے رات گئے ایک شاہی حکم نامے کے ذریعے چیف آف سٹاف سمیت چوٹی کے فوجی کمانڈروں کو برطرف کر دیا ہے۔
سعودی شاہ سلمان نے بری اور فضائی افواج کے سربراہوں کو بھی تبدیل کر دیا ہے۔
یہ خبر سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی نے جاری کی ہے مگر اس میں ان برطرفیوں کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی۔
سعودی عرب کی افواج گذشتہ تین برس سے یمن میں باغیوں سے برسرِ پیکار ہیں۔
خیال کیا جاتا ہے کہ ملک میں روبہ عمل ہونے والی حالیہ تبدیلیوں کے پیچھے دراصل ولی عہد محمد بن سلمان کا ہاتھ ہے۔
گذشتہ برس شہزادوں، وزرا اور ارب پتی تاجروں سمیت درجنوں سعودی شہریوں کو پکڑ کر رٹز کارلٹن ہوٹل میں قید کر دیا گیا تھا۔ اس کی وجہ شہزادہ محمد کی جانب سے بدعنوانی کے خلاف چلائی جانے والی مہم بتائی گئی تھی۔
ایک اور انقلاب
بی بی سی کے عرب امور کے ایڈیٹر سبیسچیئن اشر
یہ شاہ سلمان کے دور میں برپا ہونے والے متعدد انقلابات میں ایک اور انقلاب ہے۔ تاہم اس کے پیچھے بھی ان کے صاحبزادے محمد بن سلمان کا ہاتھ کارفرما نظر آتا ہے۔
یہ محمد بن سلمان ہی تھے جنھوں نے یمن میں فوجی مداخلت کا آغاز کیا تھا۔ یہ اس بات کی علامت تھی کہ سعودی عرب کی روایتی محتاط حکمتِ عملی میں تبدیلی آ چکی ہے۔
سعودی عرب کی یمن میں فوجی کارروائی اب تک اپنے مقاصد کے حصول میں بڑی حد تک ناکام رہی ہے۔ اور اس دوران اسے وہاں پیدا ہونے والے انسانی بحران کی قیمت چکانا پڑی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ساتھ اس جنگ سے سعودی خزانے پر بھاری بوجھ پڑا ہے۔
No comments:
Post a Comment