Wednesday, 23 May 2018

LAST MOMENT CONVERSATION OF GENERAL ZIA & CHISHTY Posted on May 18, 2011by be4gen


ORIGINAL Source: https://be4gen.wordpress.com/2011/05/18/last-moment-conversation-of-general-zia-chishty/

LAST MOMENT CONVERSATION OF GENERAL ZIA & CHISHTY
(May 18, 2011)
http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2011/05/110517_pak_afghan_1_rza.shtml
14:40 GMT 19:40 PST, منگل 17 مئ 2011
محمد حنیف
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
انیس سو ستتر میں چار اور پانچ جولائی کی درمیانی رات تھی۔ ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت الٹنے کا فیصلہ ہوچکا تھا۔ آپریشن کا نام طے ہوچکا تھا ، آپریشن فیئر پلے۔
آپریشن شروع ہونے سے چند لمحے پہلے فوج کے سربراہ جنرل ضیاءالحق اپنے دستِ راست اور راولپنڈی کے کور کمانڈر لیفٹینٹ جنرل فیض علی چشتی سے ملے۔ آپریشن کی جُزیات ایک بار پھر دہرائی گئیں اور جب فیض علی چشتی مشن پر روانہ ہونے لگے تو مستقبل کے مردِ مومن نے چشتی کے کان میں کہا ’مرشد مروا نہ دینا‘۔
یہ جنرل ضیاءالحق کا انداز دِلرُبائی تھا۔ وہ اپنے جونیئر کی انا کو ایسے سہلاتے کہ وہ اپنے آپ کو سینیئر محسوس کرنے لگتا اور وہ اپنے سینیئر کے قدموں سے ایسے لپٹتے کہ اسے اپنے اوپر خدا کا روپ اترتے ہوئے محسوس ہوتا۔
شاید جنرل ضیاء اندر سے ڈرپوک تھے ورنہ ڈرنے کی کوئی خاص بات نہیں تھی۔ جنرل فیض علی چشتی کی مونچھوں اور توپوں کے سامنے کون سی جمہوری حکومت ٹھہرسکتی تھی۔ چشتی نے نہ کسی کو مارا نہ کسی کو مروایا۔ پانچ جولائی کی صبح سحر خیزوں کو یہ مژدہ مِلا کہ ایک اور وردی پوش مسیحا نازل ہوچکا ہے۔
پانچ جولائی کی رات کو تو کوئی نہیں مرا لیکن آئندہ گیارہ برسوں میں بہت سے لوگ مارے گئے۔ پھانسی گھاٹوں پر، ٹھوڑی پھاٹک پر ، بوہری بازار میں، اوجھڑی کیمپ میں، طالبِ علم، مزدور، سیاسی کارکن اور کئی جوگھر سے بازار صرف دودھ خریدنے آئے تھےاور سینکڑوں ایسے تھے جو فوج کے عقوبت خانوں میں سالہاسال موت کی دعا مانگتے رہے
ملک کی جان اس وقت چھوٹی جب مردِ مومن و مردِ حق اپنے ساتھ ایک درجن سے زائد جرنیلوں سمیت ایک فضائی حاثے میں ہلاک ہوئے۔ اناللہِ واِناعلیہِ راجعون۔
جنرل ضیاء کے انتقال کے تیئیس سال بعد پاکستانی قوم میں بڑا تفرقہ ہے۔ ’بےغیرت گروپ‘ ’غیرت بریگیڈ‘ سے نبرد آزما ہے۔ بلوچ بندوقیں اٹھائے پہاڑوں پر جا بیٹھے ہیں۔ سندھی کہتے ہیں کہ ایک بار پھر زیادتی کرو توہم تمہیں بتاتے ہیں۔ ملک کے طول و عرض پر پھیلے سینکڑوں لشکر ’نصرمن اللہِ و الفتح قریب‘ کی بشارت دیتے ہیں۔
امریکا کی عمر رسیدہ رکھیلیں طلاق کی بھی دعوے دار ہیں اور اس بات سے بھی انکاری ہیں کہ کبھی نکاح ہوا تھا۔ نسل در نسل امریکی مفادات کی دلاّلی کرنے والے اس بات پر گھتم گھتا ہیں کہ کمیشن کم کر دیا جائے یا پرانی تنخواہ پر کام کیا جائے۔ اور تو اور آئی ایس آئی چلانے والے اللہ کے پراسرار بندے بھی پارلیمنٹ کے دروازے بند کر کے کہتے ہیں کہ ’پتہ نہیں ہم کیا کرتے پھر رہے ہیں‘۔
کوئی بتلاؤ کہ ہم بتلائیں کیا۔
لیکن مذ کورہ بالاگروہوں میں ایک بات پراتفاق ہے کہ جنرل ضیا اور ان کا گیارہ سالہ دور حکومتِ پاکستان کے لیے تباہ کُن ثابت ہوا۔ جو زہریلے بیج اس دور میں بوئے گئے تھے وہ تن آور درخت بن چکے ہیں۔
جنرل ضیاءالحق کا کوئی لے پالک سیاستدان، فوج کا کوئی ریٹائرڈ یا حاضرسروس جنرل شاہ فیصل مسجد کے صحن میں اس کے مزار پر سینہ ٹھونک کر نہیں کہتا کہ وہ ضیاءالحق کے مشن کی تکمیل کرےگا۔ ضیاء دور کے درس پڑھ کر بڑے ہونے والے ٹی وی اینکرز بھی یہ نہیں کہتے پائےجاتے کہ کاش اگر جنرل ضیاء حیات ہوتےتو ہم یوں راندہءِ درگاہ نہ ہوتے۔
جبکہ حقیقت یہ ہے کہ سب کے سب مرحوم کے مشن کی تکمیل کے لیے جان ہتھیلی پر رکھے رواں دواں ہیں۔
جنرل ضیاء جب تک حیات رہے، ہمسایہ ملک افغانستان کے بارے میں ان کی ایک ہی پالیسی تھی کہ افغانستان کی ہانڈی ابلتی رہے، ابل کر باہر نہ گرے ، لیکن یہ ضروری ہے کہ ہانڈی ابلتی رہے۔
افغانستان کی ہانڈی ابالتے ابالتے انہیں اپنے گھر میں لگنے والی آگ کی خبر نہ رہی۔ ان کے بعد آنے والوں نے اس ہانڈی کو ابالنے کے لیے اتنا ایندھن جھونکا کہ پاکستان میں لاکھوں چولھے ٹھنڈے ہوگئے۔
پارلیمنٹ کے بند دروازوں کے پیچھے ہمارے سیاسی اور فوجی سپہ سالاروں میں جو مکالمہ ہوا اس میں ہر ایک کی طبع کے مطابق گیڈر بھبھکیاں بھی ہیں اور سینہ کوبی کا سامان بھی ہے۔ اگر کسی بات کا ذکر نہیں ہے تو یہ نہیں ہے کہ تیس سال پہلے جو ہم نے اپنے ہمسائے میں آگ لگا کر ہاتھ تاپنے کی قومی سلامتی پالیسی بنائی تھی اس پر بھی ایک نظر ڈالیں یا نہیں۔
کیا کبھی کسی فوجی جنرل یا مدبر سیاستدان نے اس بات پرغور کیا ہے کہ ہمارے افغان بھائی کمیونسٹوں سے لے کر طالبان تک ہم سے اتنے متنفر کیوں ہیں؟
فوجی قیادت اور پارلیمان کے درمیان مکالمہ نہ جانے بارہ گھنٹے کیوں جاری رہا۔ چاہیے تو یہ تھا کہ دروازے بند کرتے، گھٹنوں کے بَل گرجاتے اور گِڑگِڑا کرکہتے ’مرشد مروا نہ دینا‘۔
Advertisements

No comments:

Post a Comment